غزہ (الجزیرہ/ویب ڈیسک)غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں انڈونیشین ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مروان السطان اپنی اہلیہ اور بچوں سمیت شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوب مغربی غزہ سٹی میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس میں ہسپتال کے ڈائریکٹر مروان السطان، ان کی بیوی اور بچے شہید ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر مروان السطان غزہ کے شمالی محصور علاقوں کی صورتحال کی معلومات کا ایک اہم ذریعہ تھے۔ انہوں نے متعدد مواقع پر عالمی برادری سے طبی عملے کی سلامتی یقینی بنانے کی اپیلیں کی تھیں، خاص طور پر اُن مواقع پر جب اسرائیلی فوج نے اسپتالوں کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق، آج صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 43 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 56 ہزار 531 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب، اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو 7 جولائی کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے 60 روزہ جنگ بندی کی مجوزہ شرائط پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “اس مدت کے دوران ہم تمام فریقین کے ساتھ مل کر مستقل جنگ بندی اور امن کیلئےکام کریں گے۔”

