غزہ امن معاہدہ: تمام 20 اسرائیلی یرغمالی رہا، دوسرا مرحلہ شروع — صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(بین الاقوامی خبر ایجنسیاں) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں قید تمام 20 اسرائیلی یرغمالی رہا کر دیے گئے ہیں اور غزہ امن معاہدے کا دوسرا مرحلہ باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وعدے کے برعکس ہلاک شدہ اسرائیلی شہریوں کی لاشیں تاحال واپس نہیں کی گئیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ تمام یرغمالیوں کی واپسی ایک اہم پیش رفت ہے، ’’ایک بڑا بوجھ ہٹ گیا ہے، لیکن ابھی کام مکمل نہیں ہوا‘‘۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اب امن معاہدے کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے تمام فریقوں سے تعاون کی توقع ہے۔

“حماس نے ہتھیار نہ ڈالے تو ہم غیر مسلح کر دیں گے” — ٹرمپ

وائٹ ہاؤس میں ارجنٹائن کے صدر جویئر میلی کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر حماس نے اپنے ہتھیار رضاکارانہ طور پر نہ ڈالے، تو امریکا اسے “غیر مسلح کر دے گا”۔انہوں نے کہا، ’’اگر وہ ہتھیار نہیں ڈالیں گے تو ہم انہیں غیر مسلح کر دیں گے، اور انہیں معلوم ہے کہ میں مذاق نہیں کر رہا۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ عمل ’’تیزی سے اور شاید طاقت کے استعمال کے ذریعے‘‘ انجام دیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے اس کے لیے کوئی مخصوص مدت نہیں بتائی۔

“پس منظر”
واضح رہے کہ 13 اکتوبر کو فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے جنگ بندی کے معاہدے کے تحت تمام 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو دو مراحل میں بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے حوالے کیا تھا، جبکہ اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل بھی جاری ہے۔

گزشتہ روز مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ ’’غزہ امن سربراہی کانفرنس‘‘ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کے رہنماؤں نے دستخط کیے۔

کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی نمائندگی کی، جبکہ دیگر عالمی رہنماؤں میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر، جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز، اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا شامل تھے۔

“غزہ میں جنگ ختم ہو چکی، انسانی امداد پہنچ رہی ہے” — صدر ٹرمپ

معاہدے پر دستخط کے بعد اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’’برسوں کی تباہی اور خونریزی کے بعد آج غزہ میں جنگ ختم ہو چکی ہے۔ انسانی امداد، خوراک اور ادویات سے لدے سینکڑوں ٹرک علاقے میں پہنچ چکے ہیں، یرغمالی آزاد ہو گئے ہیں، اور شہری اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔‘‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’’آج ہم نے وہ حاصل کیا جسے دنیا ناممکن سمجھتی تھی۔ مشرقِ وسطیٰ میں امن اب ایک حقیقت بن گیا ہے۔‘‘

اپنا تبصرہ لکھیں