غزہ میں فضائی حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں، کشیدگی جاری
غزہ، فلسطین( رائٹرز)غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 14 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔رائٹرز کے مطابق عینی شاہدین اور طبی کارکنوں کے مطابق پہلا حملہ گنجان آباد علاقے رمل میں ایک گاڑی پر ہوا، جس میں 5 افراد ہلاک ہوئے۔
اس کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے وسطی غزہ کے دیر البلح اور نصیرات کیمپ میں 2 الگ الگ گھروں کو نشانہ بنایا، جس میں مزید 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔غزہ شہر کے مغربی علاقے میں ایک اور گھر پر حملے میں 4 فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوئے، جس سے آج کی شہادتوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی افواج کے حملوں میں 316 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔10 اکتوبر 2023 کی جنگ بندی نے 2 سالہ غزہ تنازع میں کشیدگی کو کم کیا تھا، تاہم فلسطینی عام شہریوں کی ہلاکتیں جاری ہیں۔ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 69 ہزار 700 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔

