غزہ میں اسرائیلی فوج کے سیف زون قرار دیے گئے علاقے پر اسرائیلی فوج نے فضائی حملہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اس اسرائیلی فضائی حملے میں 1 ہی خاندان کے 9 افراد سمیت 12 فلسطینی شہید ہو گئے۔
مغربی کنارے میں واقع نور شمس پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی فضائی حملے کیے ہیں جن میں 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔
ابتک 37 ہزار 925 فلسطینی شہید
عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ گزشتہ برس 7 اکتوبر سے جاری غزہ جنگ میں کم از کم 37 ہزار 925 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
7 اکتوبر سے جاری غزہ جنگ میں کم از کم 87 ہزار 141 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ کے بے گھر افراد کی تعداد 19 لاکھ
دوسری جانب اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ جنوبی خان یونس کو چھوڑنے والے فلسطینیوں کی تعداد ڈھائی لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق غزہ میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً 19 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
ڈیڑھ لاکھ فلسطینی جِلدی بیماریوں کا شکار
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ خراب حالات کے سبب غزہ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد فلسطینی جِلدی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔