غزہ میں بے گھر 15 لاکھ فلسطینیوں کو مشکلات کا سامنا، سردی سے 31 افراد شہید

غزہ(ایجنسیاں) غزہ کی پٹی میں محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ شدید سرد موسم کے باعث بے گھر ہونے والے 15 لاکھ فلسطینی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ سردی کی شدت برداشت نہ کر پانے کے باعث ایک بچہ شہید ہوا، جبکہ خستہ حال عمارتوں میں پناہ لینے والے 6 فلسطینی بھی جان کی بازی ہار گئے۔

ترجمان کے مطابق یہ عمارتیں اسرائیلی بمباری کے باعث تباہ ہو چکی ہیں اور رہائش کے لیے محفوظ نہیں رہیں۔ غزہ میں سخت سردی کے باعث شہدا کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے۔محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں موجودہ انسانی صورتحال انتہائی نازک ہے اور شہریوں کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی ناگزیر ہو چکی ہے۔