غزہ و لبنان جنگ کے دوران اسرائیلی وزیر دفاع فارغ

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ اور لبنان میں جنگ کے دوران اپنے قریبی ساتھی اور وزیر دفاع یو آوف گولانٹ کو ان کے عہدے سے فارغ کردیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعتماد کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے طویل عرصے کے سیاسی حریف اور لیخود پارٹی کے رکن وزیر دفاع یو آوف گولانٹ کو برطرف کرنے کا اعلان کیا ہے۔یو آوف گولانٹ کی جگہ وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز کو نیا وزیر دفاع مقرر کیا جائے گا۔

نیتن یاہو نے کہا کہ جنگ کے ابتدائی مہینوں میں یو آوف گولانٹ پر اعتماد تھا اور وہ بہترین کام کررہے تھے، مگر گزشتہ کچھ مہینوں میں یہ اعتماد ٹوٹ گیا، گولانٹ جنگ کے معاملات پر اختلاف رکھتے تھے اور انہوں نے کابینہ کے فیصلوں کے برعکس بیانات دیے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے مطابق ان اختلافات کو ختم کرنے کی متعدد کوششیں کیں، لیکن یہ خلیج بڑھتی چلی گئی، جس سے نہ صرف عوام بلکہ دشمن بھی واقف ہوئے اور انہوں نے اس کا فائدہ اٹھایا۔نیتن یاہو نے کہا کہ حکومت کے بیشتر اراکین ان کے فیصلے سے متفق ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں