غیر قانونی افغان باشندے دہشت گردی میں ملوث ہیں: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی (آئی ایس پی آر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مستند شواہد موجود ہیں کہ غیر قانونی افغان باشندے دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث ہیں، افغان مہاجرین کو پناہ دینے کی بنیادی وجوہات اب باقی نہیں رہیں، جبکہ بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے۔

“پی ٹی وی نیوز پر انٹرویو”
یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی نیوز) پر نشر کیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔ ٹی وی چینلز کے مطابق یہ انٹرویو ایک جرمن میگزین کو دیا گیا تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 40 برسوں میں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی، اور ان کی باعزت واپسی کیلئےمنظم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر افغان مہاجرین کے انخلا کی ڈیڈ لائن میں متعدد بار توسیع کی ہے، لیکن اب ایسے شواہد موجود ہیں کہ غیر قانونی افغان باشندے دہشت گردی اور جرائم میں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مداخلت اور خانہ جنگی افغان مہاجرین کو پناہ دینے کی بنیادی وجوہات تھیں جو اب ختم ہو چکی ہیں۔

“بھارت کے ریاستی ادارے اور دہشت گردی”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کے حاضر سروس فوجی افسران کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے مستند شواہد موجود ہیں، اور پاکستان یہ ثبوت اقوام عالم کے سامنے بارہا پیش کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاستی ادارے بشمول فوج، انتہا پسند سیاسی نظریات کے زیر اثر ہیں اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی اور بیرونی مسائل کو اندرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے، جب کہ بھارت میں پرتشدد واقعات اس کی انتہا پسند پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔

“ریاست کے علاوہ کسی کو جہاد کے اعلان کا اختیار نہیں”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی غیر ریاستی مسلح گروہ کو تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی کسی شخص یا گروہ کو جہاد کے اعلان کا اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا اور بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

“افغانستان میں امریکی ہتھیار اور خطے کی صورتحال”
انہوں نے کہا کہ امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیار دہشت گردی میں استعمال ہو رہے ہیں اور امریکا بھی اس پر تشویش کا اظہار کر چکا ہے۔

“پاک-بھارت کشیدگی اور عالمی کردار”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا قائدانہ کردار اسٹریٹجک لیڈر کے طور پر سامنے آیا۔ انہوں نے چین کے ساتھ پاکستان کے تعمیری اور اسٹریٹجک تعلقات کو بھی خوش آئند قرار دیا۔

“بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کا خاتمہ”
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ امریکا نے کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے اور بلوچستان میں ہلاک ہونے والے کئی دہشت گرد نام نہاد لاپتا افراد کی فہرست میں شامل تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں