پیرس (غیر ملکی میڈیا)فرانسیسی سنیما کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ بریژیت باغدو 91 برس کی عمر میں چل بسیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی فاؤنڈیشن نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو جاری بیان میں کی۔
بریژیت باغدو نے 1950 اور 1960 کی دہائی میں اپنی جرات مندانہ اور بے باک اداکاری کے باعث فلمی دنیا پر راج کیا۔ انہوں نے 1952 سے 1973 تک فرانسیسی فلموں میں کام کیا اور اس دوران خواتین کی آزادی اور خودمختاری پر کھل کر بات کی۔ فرانس میں وہ محض “بی بی” کے نام سے مشہور تھیں۔
اداکاری سے 39 برس کی عمر میں کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی جانوروں کے حقوق کے لیے وقف کر دی۔ فاؤنڈیشن کے ذریعے جانوروں کے تحفظ کی عالمی سطح پر مہم چلائی اور بعض سیاسی وابستگیوں کے باعث تنازعات کا بھی سامنا کیا۔
28 ستمبر 1934 کو پیرس میں پیدا ہونے والی بریژیت باغدو نے فلم، موسیقی اور فیشن کی دنیا پر گہرے اثرات چھوڑے اور 20ویں صدی کی بااثر ترین ثقافتی شخصیات میں شمار کی جاتی ہیں۔

