فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سجا رنگ برنگی خوش ذائقہ چاکلیٹ کا پانچ روزہ میلہ

‎فرانس کے دارالحکومت پیرس میں رنگ برنگی خوش ذائقہ چاکلیٹ کا میلہ سج گیا ۔پانچ روزجاری رہنے والے اس چاکلیٹ میلہ میں سینکڑوں کمپنیوں نے شرکت کی ہے۔ چاکلیٹ کے امتزاج سے تیار کردہ ملبوسات کا فیشن شو شرکاء کی توجہ کا مرکز بناہواہے۔

اس پانچ روزہ میلے میں ہزاروں فیمیلیز بچوں سمیت شرکت کرتی ہیں اور دنیا بھر کے ماہر شیفس کی تیار کردہ چاکلیٹ سے تیار کردہ پیسٹریز ، بیکری مصنوعات اور چاکلیٹ کے سینکڑوں فلیورز سے محظوظ ہوتے ہیں۔ گزشتہ رات چاکلیٹ میلہ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافیوں ، پروفیشنلز اور خصوصی مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔
‎چاکلیٹ میلہ کے ہال میں کئی کلو گرام چاکلیٹ سے ایک اونٹ اور کئی دوسرے دلچسپ اور منفرد ماڈلز بنائے گئے ، جو چاکلیٹ آرٹسٹوں کے فن کا جیتا جاگتا ثبوت تھا ، اس چاکلیٹ میلے میں بیسیوں ممالک کی سینکڑوں کمپنیوں نے اپنے اپنے اسٹالز لگائے اور اپنے قدیم و جدید طریقوں سے تیار کی گئی چاکلیٹ سے بنائی گئی منفرد ، دلکش اور خوش ذائقہ مصنوعات پیش کیں۔چاکلیٹ اسٹالز اپنی تیار کردہ چاکلیٹس کا ذائقہ چکھنے کے لئے مہمانوں کو چاکلیٹ سرو کرتے رہے۔

‎ چاکلیٹ میلہ میں فیشن ڈیزائنرز اور چاکلیٹ مصنوعات تیار کرنے والے نامور شیفس نے اپنے تخلیقی فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوبصورت اور منفرد ملبوسات بھی تیار کئے۔ خصوصی طور پر تیار کی گئی مختلف اقسام کی چاکلیٹس سے تیار کردہ نرم و نازک ملبوسات پہن کر خوبصورت ماڈلز ریمپ پر نمودار ہوئیں اور لہراتے بل کھاتے چاکلیٹ ملبوسات کی نمائش کی اور حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔مختلف ممالک کے شیفس نے اپنی خصوصی مہارت اور فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف اقسام کے کپڑے اور چاکلیٹ کے امتزاج سے نازک ، خوبصورت اور منفرد ملبوسات تیار کرکے حاضرین کو حیرت زدہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں