فراڈی دلہن گرفتار: آٹھ شوہروں سے لاکھوں روپے لوٹنے والی استانی بے نقاب

ناگپور، بھارت (نمائندہ خصوصی)ناگپور میں ایک 29 جولائی کو ایک خاتون کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنی نویں شادی کیلئےممکنہ شکار سے ہوٹل میں ملاقات کر رہی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خاتون اب تک آٹھ مردوں سے شادی کر کے لاکھوں روپے لوٹ چکی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ خاتون پیشے کے لحاظ سے ایک استانی ہے اور شادی کی ویب سائٹس و سوشل میڈیا، خصوصاً فیس بک، کے ذریعے مالدار اور شادی شدہ مردوں سے رابطہ کرتی تھی۔ وہ خود کو ایک مجبور، طلاق یافتہ اور ایک بچے کی ماں ظاہر کر کے مردوں کی ہمدردی حاصل کرتی اور پھر اُنہیں محبت و شادی کے جال میں پھنسا کر ان سے بڑی رقم بٹور لیتی۔

متاثرہ افراد میں سے ایک نے بتایا کہ خاتون نے اس سے 50 لاکھ روپے (بھارتی کرنسی) ہتھیائے، جبکہ ایک اور شخص سے 15 لاکھ روپے لوٹے، جس میں نقدی اور بینک ٹرانسفر دونوں شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق کچھ متاثرین میں ریزرو بینک آف انڈیا کے اعلیٰ افسران بھی ہو سکتے ہیں۔ خاتون کا تعلق مبینہ طور پر ایک فراڈی گروہ سے ہے۔ سابقہ ایک مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کیلئےاس نے خود کو حاملہ ظاہر کیا تھا۔حکام نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ اس گینگ کے دیگر افراد اور متاثرہ افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔پولیس اس وقت اس کیس کی مزید گہرائی میں تحقیقات کر رہی ہے، اور ممکنہ طور پر کئی اور متاثرہ افراد سامنے آ سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں