فرقہ وارانہ بیانیے کی روک تھام کیلئے علماء کردار ادا کریں: فیلڈ مارشل

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راولپنڈی میں اہلِ تشیع علماء سے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علماء کا کردار کلیدی ہے اور غلط معلومات و فرقہ وارانہ بیانیے کی روک تھام کیلئے علماء کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علماء نے تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے امن و استحکام کیلئے سیکیورٹی اداروں کی حمایت کا اعلان کیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشتگردوں اور ان کے ٹھکانوں کو جہاں بھی ہوں نشانہ بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے سے روکیں۔