فلسطین کے حق میں احتجاج، مائیکرو سافٹ نے ملازمین کو برطرف کردیا

فلسطین کے حق میں احتجاج کرنے پر مائیکرو سافٹ نے 2 ملازمین کو برطرف کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں کے خلاف مائیکرو سافٹ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر 2 ملازمین نے خاموش احتجاج کیا تھا جس پر کمپنی نے انہیں نوکری سے نکال دیا ہے۔ملازمین نے مائیکرو سافٹ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر بینرز تھام رکھے تھے۔بینرز پر مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی اسرائیل کو فروخت کے خلاف نعرے درج تھے۔

مائیکروسافٹ نے جمعے کو کہا کہ اس نے ’داخلی پالیسی کے مطابق کچھ افراد کی ملازمت ختم کردی ہے‘ لیکن اس کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔مائیکروسافٹ نے جمعے کو اپنے بیان میں برطرفیوں کے بارے میں کہا کہ وہ ’پیشہ ورانہ اور قابل احترام کام کے ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔ پرائیویسی اور رازداری کی وجہ سے ہم مخصوص تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔‘واضح رہے کہ رواں سال گوگل نے بھی اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے پر 50 سے زائد ملازمین کو برطرف کردیا تھا۔

یہ برطرفیاں گوگل کے دفاتر میں اندرونی ہنگامہ آرائی اور دھرنوں کی وجہ سے ہوئی ہیں، جس کا مرکز ’پروجیکٹ نمبس‘ ہے، جس پر گوگل اور ایمازون نے 2021 میں اسرائیلی حکومت کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے 1.2 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں