ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) فلیمنگڈن کمیونٹی سپورٹ سروسز نے کمیونٹی کی خدمت کے دس سال مکمل کرلیے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے رکنِ پارلیمنٹ ڈان ویلی ویسٹ اور پارلیمانی سیکریٹری برائے خارجہ امور روب اولیفنٹ اور ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نوال عتیق نے خطاب کیا۔
روب اولیفنٹ نے فلیمنگڈن کمیونٹی سپورٹ سروسز کو دس سال مکمل ہونے پر نوال عتیق کی کمیونٹی کیلئے خدمات اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت کمیونٹی میں مثبت تبدیلی کا سبب بن رہی ہے۔
مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ صحت مند اور ثقافتی طور پر موزوں خوراک تک رسائی بہتر بنانے، روزگار کے مواقع، قیادت اور سماجی کاروبار کے فروغ کے ذریعے گزشتہ ایک دہائی سے کمیونٹی کو مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی خدمات کمیونٹی کیلئے باعثِ فخر ہیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر نوال عتیق نے تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فلیمنگڈن کمیونٹی سپورٹ سروسز کے ذریعے متعدد افراد کو عملی تربیت فراہم کی گئی، جو اب فل ٹائم اور انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ ایک حوصلہ افزا سفر ہے جو کمیونٹی کے افراد کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
نوال عتیق نے بتایا کہ ادارے کا “اسٹیپس چیلنج” پروگرام ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کے فروغ کیلئےنہایت اہم ہے، جبکہ فوڈ ہینڈلنگ سرٹیفکیٹ پروگرام نے کمیونٹی کی خواتین کو بااختیار بنایا اور معاشی مواقع فراہم کیے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دس برسوں کیلئے ادارے کا وژن پائیدار منصوبہ بندی، اسٹیپس چیلنج کو مستحکم بنیادوں پر جاری رکھنا اور نئے آنے والوں کو عملی تجربہ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کینیڈا میں بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔

