پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کو پارٹی سے برطرفی کا خط جاری ہوچکا ہے۔
روف حسن نے امید ظاہر کی کہ بانی پی ٹی آئی آئندہ 15 دن میں رہا ہوسکتے ہیں۔ لیکن کیا بانی پی ٹی آئی رہا ہوں گے یہ اہم سوال ہے، مجھے ابھی ایسی اسپیس نظر نہیں آتی کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو باہر آنے دیں گے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ فواد چوہدری دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں ان کو پی ٹی آئی پر بولنے کا حق نہیں، برطرفی کے خط کے بعد وہ اخلاقی طور پر پارٹی پر تنقید نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ ہوچکا ہے کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو واپس نہیں لیا جائے گا۔
رؤف حسن نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی میں ایسا تاثر نہیں کہ چھوڑ کر جانے والوں کو واپس لایا جائے، بانی چیئرمین نے بھی چھوڑ کر جانے والوں کو کسی مرحلے پر واپس لینے کا نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کوئی لابنگ فرم ہائر نہیں کی ہے، پی ٹی آئی کو جو پیسے دیتے ہیں ان کے خاندانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ نفرت کی دیواریں کھڑی کردی جائیں تو پھر انصاف کی امید نہیں رہتی، ہمیں اگر توقع ہے تو سپریم کورٹ سے ہی ہے وہیں سے انصاف ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس تنخواہوں کےلیے پیسے نہیں مشکل سے مینیج کرتے ہیں، مینڈیٹ چوری کرنے والی پارٹیوں کے سوا تمام جماعتوں سے بات کریں گے۔
رؤف حسن نے کہا کہ محمود خان اچکزئی اتحاد کی قیادت کررہے ہیں، کچھ دن میں میٹنگ ہوگی، ہمارے اور مولانا فضل الرحمان کے خدشات دور کرنے پر بات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جلسے کےلیے اب تک ہمیں این او سی نہیں ملی۔