راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیوں میں 13 دہشتگرد ہلاک جبکہ 33 سالہ میجر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 2 خوارج ہلاک ہوئے شمالی وزیر ستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں میجر محمد اویس شہید ہوگئے۔ جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 6 خوارج ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے۔
فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلیے علاقے میں آپریشن جاری رہا۔ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلیے پرعزم ہیں جبکہ بہادر سپوتوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیںْ
33 سالہ میجر محمد اویس شہید کا تعلق ضلع نارووال سے ہے۔ انہوں نے 10 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا جبکہ سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا، والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے 13 خوارج ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آصف علی زرداری نے شہید میجر اویس کی مغفرت کیلیے دعا اور اہلخانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے شہید کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔
صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے، دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔