فیض حمید کیس میں پی ٹی آئی کو ملوث کیا گیا تو سیاست مزید خراب ہوگی:فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فیض حمید کیس میں پی ٹی آئی کو ملوث کیا جائیگا تو سیاست مزید خراب ہوگی۔ گفتگو کرتے فواد چوہدری نے کہا کہ فیصلہ کرنا ہے کہ پاکستان کی سیاست کو مزید الجھانا ہے یا سلجھانا ہے، ہاؤسنگ سٹی کے معاملے پر فیض حمید پر چارج شیٹ لگادی گئی ہے، فیض حمید پر دوسرے معاملے سے متعلق تحقیقات چل رہی ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دو سال میں دیکھ لیں پاکستان میں کیا ہوا تلخیاں بڑھی ہیں، سیاست کیلئے اسپیس پہلے ہی نہیں، چیلنجز سے کیسے نکلیں گے، پی ٹی آئی کا متبادل لانے کے چکر میں بندوق والے مستحکم ہورہے ہیں۔

سابق وزیر نے کہا کہ ن لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی کے عسکری ونگ نہیں نہ یہ بندوق اٹھانے والے ہیں، پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑیں تو آئین معطل کرکے الیکشن نہیں کرائے گئے، الیکشن کرائے گئے تو پھر مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا گیا، حکومت کسی اور کو دیدی گئی۔انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کے چکرمیں پی ٹی آئی کو ختم کیا گیا، پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے چکر میں ن لیگ اور پی پی ختم ہوگئی۔

پی ٹی آئی کو ختم کرنے کیلئے عدلیہ کو ختم کیا گیا کیونکہ 26ویں ترمیم لانا پڑی، اب یہ کہیں گے کہ بانی پی ٹی آئی کی اسٹریٹ پاور ختم کردی ہے، یہ لوگ پہلے بھی ووٹ سے نہیں آئےآئندہ بھی یہ ہی راستہ اپنائیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ عوام کے لیے احتجاج کےعلاوہ کوئی راستہ ہی نہیں چھوڑا گیا، پی ٹی آئی نے تو آئینی وقانونی طور پر جو بھی راستہ اپنایا اس کو روکا گیا۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے حکومت سے پہلے اپوزیشن جماعتوں کیساتھ بات کرے، اپوزیشن جماعتیں ایک ہوں گی تو پھر جاکر حکومت سے بات کرنی چاہیے، الیکشن نتائج پر سب جماعتوں کا ایک مؤقف ہے ان سے بات کرنی چاہیے۔

پی ٹی آئی پہلے الائنس بنائے اس کے بعد حکومت کیساتھ بات کرے، بانی پی ٹی آئی کو بھی کہا کہ 9 فروری کو الیکشن نتائج کیخلاف تحریک کا اعلان کرتے۔فواد چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بھی مانا کہ 9 فروری کو تحریک کا اعلان نہ کرکے غلطی کی، حکومت فزیکل چیلنج کے علاوہ کسی چیلنج کو نہیں مانتی، پی ٹی آئی کو چاہیے پہلے الائنس بنائے اس کے بعد حکومت کو فزیکل چیلنج دے۔

اپنا تبصرہ لکھیں