پاکستان میں فٹبال کا کھیل مزاق بن کر رہ گیا، قومی ٹیم ایشین کپ کوالیفائر سے آؤٹ
لاہور(بیورورپورٹ) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفانے پی ایف ایف کے معاملات کوہی فٹبال بنادیا۔ پاکستان میں فٹبال فیڈریشن کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہنے والی نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں ایک مرتبہ پھر31 جولائی 2025 تک توسیع کردی۔ پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی ترجمان کے مطابق فیفا کی جانب سے موجودہ نارملائزیشن کمیٹی کے رکن سعود عظیم ہاشمی کو چیئرمین نامزد کیا گیا ہے۔
سعود عظیم ہاشمی 16 فروری کو ہارون ملک کی مدت مکمل ہونے کے بعد اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے، محمد شاہد نیاز کھوکھر اور حارث عظمت بطور ارکان کمیٹی کے ساتھ منسلک رہیں گے۔فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات میں حکومتی مداخلت کے بعد گزشتہ کئی برس سے نارملائزیشن کمیٹی قائم کررکھی ہے جو مسائل کو ختم کرنے کی بجائے اپنی مدت میں توسیع کیلئے حیلے بہانے تلاش کرتی رہتی ہے لیکن فیفا تمام معاملات پر آنکھیں بند کرکے پی ایف ایف کے معاملات منتخب نمائندوں کو سونپنے کی بجائے اپنی کٹھ پتلیو کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے۔
نارملائزیشن کمیٹی ملکی مفاد کی بجائے ذاتی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کو فخریہ انداز میں دنیا کے سامنے پیش کررہی ہے جو پوری دنیا میں جگ ہنسائی کا باعث بن رہا ہے۔ پیر کے روز پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے قومی ٹیم کی ایشیاء کپ میں شرکت پر پابندی کی خبر کو میڈیا میں بڑے فخریہ انداز میں پیش کیا گیا جس پر فٹبال کے حلقوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فیفاسے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں آنکھ مچولی کا کھیل ختم کرکے فٹبال کے معاملات منتخب نمائندوں کے حوالے کرے.

