فیفا ورلڈ کپ قریب آتے ہی انسانی سمگلر اور فراڈئیے عوام کو لوٹنے کیلئے سرگرم
عوام ایسی کسی ای میل یا فون کال پر یقین نہ کریں جس میں فٹبال میچز کی آڑ میں کینیڈین ویزے کی بات ہو
فیفا فٹبال ورلڈ کپ قریب آتے ہی انسانی سمگلر اور فراڈیوں کی بڑی تعداد میدان میں آگئی جو سادہ لوح عوام کو امریکہ اور کینیڈا بھیجنے کے سنہری خواب دکھاکر چونا لگانے میں مصروف ہیں۔ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو رواں برس مشترکہ طور پر فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں اس موقع سے فائدہ اٹھاکر سرٹیفائیڈ ٹریول ایجنٹس کے ساتھ ساتھ فراڈیوں کی بڑی تعداد بھی میدان میں کود پڑی جو اس موقع سے فائدہ اٹھاکر معصوم شہریوں کو یقین دہانی کروا رہے ہیں کہ وہ بھاری رقوم کے عوض انہیں فٹبال میچز کی آڑ میں امریکہ اور کینیڈا بھجوا دیں گے جبکہ حقیقت میں ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔
اس صورتحال میں کینیڈین ہائی کمیشن اسلام آباد نے وارننگ جاری کی ہے کہ کوئی بھی شخص یا ادارہ فیفا ورلڈ کپ کیلئے کینیڈین ویزہ کی گارنٹی نہیں دے سکتا اگر کوئی شخص ای میل، ٹیلیفون یا ٹیکسٹ میسیج کے ذریعے اس بارے رابطہ کرے تو سمجھ جائیں کہ وہ دھوکے باز ہے۔ واضع رہے کہ ماضی میں بھی فٹبال، کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے ورلڈ کپ کے علاوہ اولمپک گیمز جیسے بڑے ایونٹس کے موقع پر بھی عوام کو لوٹنے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں تاہم اس مرتبہ کینیڈین ہائی کمیشن اسلام آباد نے بروقت آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو خبردار کرکے ایک احسن اقدام کیا ہے۔ کینیڈین ہائی کمیشن کا کہنا ہے کینیڈا جانے کے خواہشمند صرف آفیشل ویب سائیٹ کے ذریعے ہی اپنی ویزہ درخواست جمع کرائیں اور کسی کے دھوکے میں نہ آئیں۔

