فیفا کے صدر نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

لاہور : پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی کی دنیاۓ فٹبال کی نامور شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے نومنتخب صدر سید محسن گیلانی کے درمیان فیفا کلب ورلڈ کپ کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی۔ جیانی انفانٹینو نے محسن گیلانی کو حالیہ انتخابات میں صدر بننے اور ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل پر مبارکباد دی۔

انہوں نے پاکستان میں فٹبال گورننس میں مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوۓ کہا کہ فیفا پاکستان میں فٹبال کی ترقی و بہتری کے لیے بھرپور تعاون کرے گا اور پاکستان فٹبال کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز، کانگریس اراکین اور ایگزیکٹو کمیٹی کو نئی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر جیانی انفانٹینو نے محسن گیلانی کی جانب سے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی قبول کی۔

پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے فیفا صدر کو ان کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں فٹبال کے ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے اپنا ویژن پیش کیا۔ انہوں نے صدر جیانی کو پی ایف ایف کے مستقبل کے روڈ میپ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر دونوں شخصیات کے مابین تحائف کا تبادلہ بھی ہوا، محسن گیلانی نے فیفا کے صدر کو اجرک پہنائی۔ یاد رہے کہ فیفا کے سابق ڈویلپمنٹ آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے محسن گیلانی کو فیفا کے حلقوں میں نمایاں مقام حاصل ہے اور ان کی قیادت میں پاکستان فٹبال جلد نمایاں مقام حاصل  کرلے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں