فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دوٹوک پیغام: “بھارت جان لے، پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا”

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج ایک اہم خطاب میں مسئلہ کشمیر، قومی سلامتی، تعلیم اور بھارت کی مداخلت سے متعلق دوٹوک اور پُرعزم مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا”بھارت جان لے، پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔”

یہ بات انہوں نے ملک کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جنرل عاصم منیر نے اساتذہ کو قوم کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا”جو کچھ ہوں، وہ والدین اور اساتذہ کی بدولت ہوں۔”

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کا پانی ایک “ریڈ لائن” ہے، اور اگر قوم آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے گرا نہیں سکتی۔ انہوں نے باور کرایا کہ کشمیر کا کوئی سودا ممکن نہیں، اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ہو چکی ہے اور یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔”پاکستان بھارت کی اجارہ داری کو کسی صورت قبول نہیں کرے گا،” انہوں نے واضح کیا۔

بلوچستان کے حالات پر بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا”بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد درحقیقت ‘فتنۂ الہندوستان’ ہیں۔ ان کا بلوچ عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ بھارت کا داخلی بحران ہے جو اقلیتوں پر ظلم، تعصب اور انتہاپسندی کی پیداوار ہے۔”

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ان بیانات سے پاکستان کے قومی مؤقف، اندرونی خودمختاری، اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کی بھرپور ترجمانی ہوتی ہے۔ ان کا پیغام واضح ہے: پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنے قومی مفادات اور کشمیری بھائیوں کی قربانیوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں