فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، عیدالاضحیٰ جوانوں کے ساتھ منائی

راولپنڈی (نامہ نگار)چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت موقع پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور مادر وطن کے دفاع پر مامور بہادر سپاہیوں کے ساتھ عید منائی۔

فیلڈ مارشل کے ایل او سی پہنچنے پر کمانڈر راولپنڈی کور نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ آرمی چیف نے جوانوں کے ساتھ نمازِ عید ادا کی اور نماز کے بعد وطن عزیز کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جب کہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی اجتماعی دعا کی گئی۔

آرمی چیف نے جوانوں کے عزم و حوصلے، غیر معمولی آپریشنل تیاریوں اور ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہتے ہوئے کہا”مورچوں پر اہل خانہ سے دور عید منانا سب سے بڑا قومی فریضہ ہے، یہ قربانی پاکستان کی سالمیت اور بقا کیلئے دی جاتی ہے۔”

فیلڈ مارشل نے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے کی جانے والی یہ قربانیاں اعلیٰ قومی مقاصد کی تکمیل کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مسلح افواج کے جنگی عزم و تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور تمام افسران و جوانوں کو عید کی پُرخلوص مبارکباد دی۔

آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور اس دیرینہ تنازعے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔”انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج نے ہمیشہ دشمن کو جرأت مندانہ اور مؤثر جواب دیا ہے اور پاکستانی شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ملی تاریخ کا درخشندہ باب ہیں۔ انہوں نے آپریشن “بنیان مرصوص” کے تحت جوانوں کی مثالی کارکردگی کی بھی بھرپور تحسین کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کا مقصد نہ صرف فرنٹ لائن سپاہیوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا، بلکہ قوم کو یہ پیغام دینا بھی تھا کہ پاک فوج ہر لمحہ مادر وطن کے دفاع کیلئےتیار ہے۔پاک فوج کے سپہ سالار کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر فرنٹ لائن پر جوانوں کے ساتھ عید منانے کا عمل اس بات کا واضح مظہر ہے کہ فوج اور قوم ایک ہی جذبے کے ساتھ جُڑے ہوئے ہیں، اور ہر قسم کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے متحد و پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں