راولپنڈی(آئی ایس پی آر)آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں منعقدہ کرسمس کی تقریبات میں شرکت کی اور مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری کے وژن کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو پاکستان کے نظریے کا بنیادی حصہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کے مساوی مواقع اور آئینی اقدار میں مضمر ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چرچ میں موجود افراد سے گفتگو کی اور قومی ترقی اور سلامتی میں پاکستانی مسیحیوں کی خدمات کو سراہا، جنہوں نے مختلف شعبوں اور پاک فوج میں نسل در نسل نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کے دورے اور ان کے پیغام کا شکریہ ادا کیا، اور پاک فوج کے کردار کو مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے فروغ میں سراہا۔

