راولپنڈی(آئی ایس پی آر) چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے “معرکۂ حق – آپریشن بنیان مرصوص” کے دوران قومی قیادت کی مدبرانہ رہنمائی، مسلح افواج کی بے مثال استقامت اور پاکستانی عوام کے ناقابل شکست جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ایک خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا۔

اس پُروقار تقریب میں صدرِ مملکت جناب آصف علی زرداری، وزیراعظم جناب شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزرا، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت، سینئر بیوروکریٹس اور تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے خطاب کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں سیاسی قیادت کی دور اندیشی اور قومی یکجہتی کو سراہا۔ انہوں نے بھارتی پروپیگنڈا مہم کے خلاف پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے مؤثر اور ذمہ دار کردار کو “آہنی دیوار” سے تعبیر کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز، اور سفارتکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کا بھی اعتراف کیا جو ملکی مفادات کے تحفظ میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
عشائیے میں شریک معزز مہمانوں نے مسلح افواج کی قربانیوں، عزم اور مثالی کوآرڈینیشن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مادرِ وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے ہر محاذ پر افواجِ پاکستان ہر لمحہ تیار ہیں۔

