فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سکھ کمیونٹی کی عبادت گاہوں کی مکمل بحالی کی یقین دہانی

اسلام آباد(آئی ایس پی آر) چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرتارپور اور دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سکھ کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی تمام عبادت گاہوں کی جلد از جلد مکمل بحالی یقینی بنائی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیالکوٹ، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ عوام سے ملاقات کی۔

اس موقع پر دربار صاحب کرتارپور میں سکھ کمیونٹی نے بروقت امدادی کارروائیوں پر پاک فوج اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سکھ رہنما رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ “فیلڈ مارشل نے کہا جہاں ضرورت ہو گی ہیلی کاپٹر موجود ہوں گے، ہم ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ پاک فوج آخری لمحے تک ہمارے ساتھ کھڑی رہی۔”

رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور سکھ برادری کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ “پاکستان ہماری دھرتی اور جان ہے۔ دنیا بھر کے سکھ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اقلیتوں کیلئےمحفوظ ترین ملک ہے۔”

سکھ رہنماؤں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ بیٹھنے سے دنیا بھر کے سکھوں کا سر فخر سے بلند ہوگیا۔ “دنیا کو جب پتا چلے گا کہ آرمی چیف نے خود کرتارپور کا دورہ کیا تو دنیا بھر میں سکھوں کا مان مزید بڑھے گا۔”

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی تک عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور سکھ کمیونٹی کی عبادت گاہوں کی بحالی اولین ترجیح ہے۔

دیگر سکھ رہنماؤں نے کہا کہ “سیلاب کے بعد 24 گھنٹوں میں جو کچھ پاک فوج نے کیا اس کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔ دنیا بھر کے سکھ پاکستان کو عقیدت اور محبت کے ساتھ دیکھتے ہیں، اور پاکستان ہمارے لئے جنت ہے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں