قائداعظم وہیل چئیر کرکٹ ٹورنامنٹ بلوچستان نے جیت لیا

بلوچستان انٹرلوپ وہیل چیئر قائداعظم ٹرافی کی چیمپئن بن گئی۔ فائنل میں بلوچستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گلگت بلتستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔تیسری پوزیشن کے میچ میں سندھ نے آزاد کشمیر کو 28 رنز سے شکست دی۔بوہڑاں والی گراؤنڈ میں کھیلے گئے انٹرلوپ قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ گلگت بلتستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔

احمد یار 65 اور ساجد خان 33 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے۔194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کے بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 16 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور مکمل کرلیا۔ محمد فیض نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 92 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ مبین اقبال نے 34 گیندوں پر 63 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

گلگت بلتستان کی جانب سے احمد یار ایک وکٹ حاصل کرسکے۔تیسری پوزیشن کے میچ میں سندھ نے آزاد کشمیر کو 28 رنز سے شکست دی۔ بارش اور خراب موسم کے باعث میچ کو 10 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز سکور کیے، جواب میں آزاد کشمیر کی ٹیم 2 وکٹوں پر 90 رنز تک محدود رہی۔