اسلام آباد، کراچی (ریڈیو پاکستان، آئی ایس پی آر)قائداعظم محمد علی جناح کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی گئیں۔ دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، فجر کے بعد مساجد میں قائداعظم، ملک کے امن، خوشحالی اور ترقی کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن قائداعظم کے جمہوریت، آئین کی بالادستی، سماجی انصاف، مذہبی ہم آہنگی اور قانون کی حکمرانی پر مبنی وژن سے وابستگی کی تجدید کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط ہماری قومی طاقت کی بنیاد ہیں اور قائداعظم کی وراثت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے قوم بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظم کے نظریات کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت اور اصول آج بھی قومی رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ صدر نے بتایا کہ آئندہ سال قائداعظم کے 150ویں یومِ پیدائش کے پیش نظر 2026 کو یومِ قائداعظم کا سال قرار دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کے وژن سے غیر متزلزل وابستگی رکھتی ہیں اور ملکی سلامتی و استحکام کیلئےاپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

