لاہور (محمدبابرسے) پاکستان چیس فیڈریشن کے زیر اہتمام لاہور سٹوڈنٹ اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے ہونے والی قائد ڈے ریپڈ چیس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔ ایونٹ میں ملک بھر سے تین سو سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں مردوخواتین کے علاوہ بچوں کی بھی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔
چیمپئن شپ کی اوپن کیٹگری میں محمد زوہیب حسن نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی جبکہ ساؤتھ پنجاب سے تعلق رکھنے والے فیکٹری ورکر رمضان ملغانی دوسرے اور زوریز شب خیز تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی کیٹگری میں حافظہ مشعل راشدنے نیشنل چیمپئن صہبا شاہ کو اپ سیٹ شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ کنگز چیس کلب کی میزبانی میں ہونے مقابلوں میں شرکاء نے شطرنج کی میز پر بہترین ذہنی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے ایسی چالیں چلیں جن کے سامنے حریف کھلاڑیوں نے بے بس ہوکر ہتھیار ڈال دئیے۔
پنجاب یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سپورٹس سائنسز کے ہال میں سوئس سسٹم کے تحت ہونے والے دو روزہ مقابلوں کے پہلے روز خواتین کھلاڑیوں کے مابین کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے جس میں حافظہ مشعل نے شطرنج کی عمدہ چالوں سے رنر اپ صہبا شاہ سمیت پانچوں مقابلوں میں حریف کھلاڑیوں کو شکست سے دوچار کیا۔ اس مقابلے میں فریحہ صدیقی تیسرے مہک گل چوتھے جبکہ ثناء امین پانچویں نمبر پر رہیں۔
انڈر 10 کیٹگری میں رایان رحمان نے پہلی احمد شہران نے دوسری اور مصطفٰی عمرنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انڈر13 مقابلے میں اعصام بشیر نے میدان مارا محمد اذان دوسرے اور عامر افتخار تیسرے نمبر پررہے۔ پہلے روز کے آخری مقابلے انڈر 16 کیٹگری میں اجتبٰی عامر نے پہلی محمد عادل عرفان نے دوسری جبکہ محمد احمد عمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ایونٹ کے دوسرے روز اوپن کیٹگری کیلئے سو سے زائد کھلاڑیوں کے مابین مقابلہ ہوا جس میں محمد زوہیب حسن کانٹے دار مقابلے کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ فاتح رہے جبکہ رمضان ملغانی 5۔7 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ زوریز شب خیز تیسرے نمبر پر رہے۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب یونیورسٹی سپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر ظفر بٹ نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے اس موقع پر پاکستان چیس فیڈریشن کے صدر حنیف قریشی اور سینئر نائب صدر سلیم اختر بھی موجود تھے۔ تقریب میں بین الاقوامی سطح پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے اعصام بشیر،صہبا شاہ اور آیت عاصمی کو پاکستان چیس فیڈریشن کی جانب سے خصوصی قائد اعظم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔