قائد ڈے ریپڈ چیس چیمپئن شپ کا خواتین ٹائٹل حافظہ مشعل نے جیت لیا

لاہور (محمدبابرسے) قائد ڈے ریپڈ چیس چیمپئن شپ میں حافظہ مشعل راشدنے نیشنل چیمپئن صہبا شاہ کو اپ سیٹ شکست دے کر خواتین کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا جبکہ انڈر 10 کیٹگری میں رایان رحمان انڈر 13 میں اعصام بشیر اور انڈر 16 کیٹگری میں اجتبٰی عامر (Ijtaba Amer) نے کامیابی حاصل کی۔ کنگز چیس کلب لاہور کے زیر اہتمام پاکستان چیس فیڈریشن اور لاہور سٹوڈنٹ اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے ہونے والے مقابلوں کے پہلے روز خواتین کھلاڑیوں کے مابین کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے جس میں حافظہ مشعل نے شطرنج کی عمدہ چالوں سے رنر اپ صہبا شاہ سمیت پانچوں مقابلوں میں حریف کھلاڑیوں کو زیر کرکے ناقابل شکست رہنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

چیس فیڈریشن کی جانب سے عصام بشیر، صہبا شاہ اور آیت عاصمی کو خصوصی قائد اعظم ایوارڈ سے نوازا گیا

پنجاب یونیورسٹی سپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے ہال میں منعقدہ مقابلے میں فریحہ صدیقی تیسرے مہک گل چوتھے جبکہ ثناء امین پانچویں نمبر پر رہیں۔ انڈر 10 کیٹگری میں رایان رحمان نے پہلی احمد شہران نے دوسری اور مصطفٰی عمرنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انڈر13 مقابلے میں اعصام بشیر نے میدان مارا محمد اذان دوسرے اور عامر افتخار تیسرے نمبر پررہے۔

پہلے روز کے آخری مقابلے انڈر 16 کیٹگری میں اجتبٰی عامر نے پہلی محمد عادل عرفان نے دوسری جبکہ محمد احمد عمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی پنجاب یونیورسٹی سپورٹس سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر ظفر بٹ نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے اس موقع پر پاکستان چیس فیڈریشن کے صدر حنیف قریشی اور سینئر نائب صدر سلیم اختر بھی موجود تھے۔ تقریب میں بین الاقوامی سطح پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے عصام بشیر،صہبا شاہ اور آیت عاصمی کو پاکستان چیس فیڈریشن کی جانب سے خصوصی قائد اعظم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ایونٹ کے دوسرے روز مردوں کے مقابلے ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں