پاکستان نے آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کا مشن کامیابی سے مکمل کرلیا
بنگلہ دیش کو ویسٹ انڈیز سے شکست،ورلڈ کپ میں کوالیفائی کیلئے پاکستان کو ہرانا ہوگا
لاہور: آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے اہم میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو بآسانی 87 رنز سے ہرا کر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔یہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی مسلسل چوتھی کامیابی تھی۔ قذافی سٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیااور چھ وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ جواب میں تھائی لینڈ کی پوری ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اہم میچ میں پاکستانی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور ابتدائی کھلاڑی جلد پویلین لوٹ گئیں۔کپتان فاطمہ ثناء اور سدرہ امین کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بیٹنگ لائن حوصلہ ملا اورٹیم مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔کپتان فاطمہ ثناء نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62، سدرہ امین نے 9 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے ۔تھائی لینڈ کی طرف سے تھیپاچا نے 2 جبکہ فنیتا مایا اور اونیچا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تھائی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 206 رنز کا ٹارگٹ ملا لیکن پوری ٹیم 35ویں اوور میں 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔نانا پٹ 19،ناتھا کان 13،نتایا 16 اورتھیپاچا 10 رنز بنا سکیں۔پاکستان کی طرف سے کپتان فاطمہ ثناء،رامین شمیم اور نشرح سندھو کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث تھائی لینڈ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی تینوں باؤلز نے تین تین اور سعدیہ اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی۔کپتان فاطمہ ثناء ویمن آف دی میچ قرار پائیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے آخری میچ میں اگر بنگلہ دیش سے پاکستان ہار جائے تو بنگلہ دیش کے بھی 8 پوائنٹس ہو جائیں گے وہ بھی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر جائے گا۔ دوسری طرف ایل سی سی اے گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے کر صورتحال کو دلچسپ بنا دیا۔

ویسٹ انڈیز کا ایک میچ ابھی باقی ہے اگر وہ بھی جیت جاتا ہے تو کوالیفائی کرنے کی دوڑ میں شامل ہو سکتا ہے تا ہم اس کا امکان کم ہی ہے پاکستان اور بنگلہ دیش ہی اس راؤنڈ سے کوالیفائی کرنے والی دو ٹیمیں ہوں گی ورلڈ کپ رواں سال انڈیا میں کھیلا جائیگا۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔
شمیم اختر 10 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی طرف سے ٹاپ سکورر رہیں،فرزانہ حق نے 42 رنز،ناہیدہ اختر نے 25 اور رابعہ خان نے 23 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے عالیہ علینی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کو اڑا کر رکھ دیا 9 اوورز میں 39 رنز کے عوض بنگلہ دیش کی چار بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔جبکہ ہیلی میتھیوز اور ایفی فلیچر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کیلئے 228 رنز کا ٹارگٹ ملا جو اس نے 46 اوورز میں میں سات وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر دیا۔چیلینی ہنری نے 51 رنز ناٹ آؤٹ بنائے،شیمینی کیمبل 24،سٹیفنی ٹیلر 36،ہیلی میتھیوز 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔بنگلہ دیش کی طرف سے معروفہ اختر نے 2 جبکہ جنت الفردوس،ناہیدہ اختر،رابعہ خان،فاطمہ خاتون اور رتو مونی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔راؤنڈ کے بقیہ میچز 18 اپریل کو ہوں گے جن میں آئرلینڈ کا مقابلہ سکاٹ لینڈ جبکہ19 اپریل کو پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش اورویسٹ انڈیز کا مقابلہ تھائی لینڈسے ہوگا۔

