قطر: بھارتی بحریہ کے سابق افسر پورنیندو تیواری دوبارہ گرفتار

دوحہ (ایجنسیاں)بھارتی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی نیوی کے سابق افسر کمانڈر پورنیندو تیواری کو قطر میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پورنیندو تیواری کو اس سے قبل 7 دیگر ریٹائر نیول افسران کے ہمراہ اگست 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

بھارت کی جانب سے اپنے افسران کو قطر سے رہا کروانے کے لیے کوششیں کی گئی تھیں، لیکن انہیں واپس نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں، ان تمام افسران کو جاسوسی کے الزام میں قطر کی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔

قطری حکام نے ابھی اس گرفتاری کے الزامات اور تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کی ہیں۔ بھارت کے سابق فوجی افسران کی بیرون ملک گرفتاریوں سے بھارتی افواج کے پیشہ ورانہ معاملات اور سکیورٹی پروٹوکولز کے حوالے سے عالمی سطح پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔