قلات: چوکی پر حملے میں 7 جوان شہید؛ جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں چوکی پر حملے میں 7 جوان شہید جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے شاہ مردان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی تاہم مؤثر جوابی کارروائی میں 6 شر پسند ہلاک جبکہ 4 شدید زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وطن کے 7 بہادر سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانےکیلئے پُرعزم ہے اور جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد حسیب کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی تھی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزیر، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی تھی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قوم فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف ملکی دفاع کیلئےغیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔

دو روز قبل ضلع ہرنائی میں فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے تھے۔آپریشن میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بم کی زد میں آگئی تھی جس کے نتیجے میں میجر محمد حسبیب اور حوالدار نور احمد شہید ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں