قمر باجوہ کو ایکسٹینشن دینے پر پی ٹی آئی نے قوم سے معافی مانگ لی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دینے پر پارٹی کی جانب سے قوم سے معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ فیصلہ غلط تھا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں موجودہ نظام قانونی اور جمہوری نہیں ہے اور خدشہ ہے کہ حالات انارکی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر وکلا برادری سے مشاورت کی جائے گی اور اس سلسلے میں رابطے شروع کیے جا رہے ہیں۔

سابق اسپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کا نظام درست کرنے کے لیے سیاسی مکالمہ ناگزیر ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام رہنماؤں کے مقدمات کا فیصلہ میرٹ پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے اپنے نام کی گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے عمر ایوب جلد واپس آئیں گے اور وہی اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔

واضح رہے کہ اے ٹی سی کورٹ فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں عمر ایوب سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمر ایوب، شبلی فراز سمیت کئی رہنماؤں کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں