لاہور( آئی ایس پی آر)چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف پاک فوج میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور استحکام کے تحفظ کیلئےمسلح افواج پوری طرح پرعزم ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بات لاہور گیریژن کے دورے کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہیں فارمیشن کی آپریشنل اور جنگی تیاریوں، تربیتی مشقوں، جدید ٹیکنالوجیز اور فوجی سہولیات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات کے مقابلے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
دورے کے دوران کمانڈر لاہور نے سی ڈی ایف کا استقبال کیا اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیتوں میں اضافے کیلئےاٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک خصوصی فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کا بھی مشاہدہ کیا جس میں جدید ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی۔
بیان کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کیلئے فراہم کی جانے والی کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا معائنہ کیا اور جسمانی فٹنس، حوصلے اور فلاح و بہبود کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) لاہور میں قائم ایک کیئر سینٹر کا دورہ کیا اور طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب فوجی قیادت کی جانب سے دہشت گردی، خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کیخلاف سخت مؤقف اختیار کیا جا چکا ہے۔

