قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ آئرلینڈ: کراچی میں تربیتی کیمپ 7 جولائی سے شروع ہوگا

پی سی بی نے اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ کا شیڈول جاری کر دیا، 24 کھلاڑیوں کو مدعوکرلیا گیا

کراچی (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے دورہ آئرلینڈ کی تیاری کے سلسلے میں 7 جولائی سے 2 اگست تک کراچی میں اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیمپ میں 24 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے دورۂ انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور جسمانی فٹنس بہتر بنانے کیلئے یہ کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور اوول گراؤنڈ کراچی میں جاری رہے گا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، 27 روزہ تربیتی کیمپ کے اختتام پر ویمنز سلیکشن کمیٹی کی جانب سے 15 رکنی اسکواڈ منتخب کیا جائے گا جو کہ پری ٹور کیمپ میں حصہ لے گا۔

منتخب اسکواڈ 28 جولائی سے 2 اگست تک کراچی ہی میں اپنی فائنل تیاریاں مکمل کرے گا جس کے بعد ٹیم 3 اگست کو آئرلینڈ روانہ ہوگی۔پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی.

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول درج ذیل ہے.

پہلا ٹی ٹوئنٹی: 7 اگست

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: 10 اگست

تیسرا ٹی ٹوئنٹی: 11 اگست

تمام میچز کلون ٹرف کرکٹ کلب آئرلینڈ میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر تجربے کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئےاپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم موقع بھی ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں