شین میکڈرمٹ نئے فیلڈنگ کوچ، عمر گل کو شاہینز کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ محمد مسرور کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ نئے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی آمد کے بعد کوچنگ پینل میں تبدیلیوں کا عمل جاری ہے۔ آسٹریلیا کے شین میکڈرمٹ کو قومی ٹیم کا نیا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
محمد مسرور کا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ معاہدہ سیریز ٹو سیریز کی بنیاد پر تھا اور بورڈ نے اس معاہدے میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹی 20 ٹیم کے دورۂ بنگلہ دیش کیلئے پی سی بی نے شین میکڈرمٹ کو فیلڈنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ شین میکڈرمٹ اس سے قبل آسٹریلیا، بنگلہ دیش، اور سری لنکا کی قومی ٹیموں کے ساتھ کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
پی سی بی نے گرانٹ لوڈن کو قومی ٹیم کا اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ بھی تعینات کیا ہے۔
مزید برآں، پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر عمر گل کو پاکستان شاہینز کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ عمر گل گزشتہ ایک برس سے پی سی بی سے منسلک تھے اور اب بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں بطور کوچ شرکت کریں گے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 20، 22 اور 24 جولائی کو کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی۔
کوچنگ پینل میں یہ تبدیلیاں نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ویژن کے مطابق کی جا رہی ہیں، تاکہ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے اور آئندہ بین الاقوامی اسائنمنٹس کیلئے بھرپور تیاری کی جا سکے۔

