راولپنڈی( آئی ایس پی آر)افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر خواہ سیاسی ہوں یا غیر سیاسی، ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر قیادت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فورم نے دہشت گردی، جرائم اور مفاد پرست سیاسی عناصر کے گٹھ جوڑ کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی اتحاد کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور افواجِ پاکستان و عوام کے درمیان خلیج پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔
کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں شہید ہونیوالے سیکیورٹی اہلکاروں اور حالیہ واقعات میں جانیں قربان کرنے والے شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کا بتدریج استحکام اور عالمی سطح پر وقار حکومت، افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
بیان کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا، جبکہ بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹوز کو سراہتے ہوئے ملک کے دیگر حصوں میں بھی ایسے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کانفرنس میں کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا، غزہ میں جنگ بندی، بلا تعطل انسانی امداد اور فلسطینی ریاست کے قیام کے واضح راستے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
اختتامی کلمات میں آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے اعلیٰ ترین معیارات برقرار رکھے جائیں، اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک فوج ہر نوعیت کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

