قونصل خانہ پاکستان شکاگو میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پرسیمینار کا انعقاد

شکاگو(نمائندہ خصوصی)قونصل خانہ پاکستان، شکاگو میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں کمیونٹی رہنماؤں، کشمیری کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

سیمینار میں ممتاز مقررین کے پینل نے شرکت کی جن میں محمد حارث عمر، جناب رضوان میر، غزالہ صدیقی، ڈاکٹر وصی اللہ خان، ڈاکٹر مرتضیٰ آرائیں اور جاوید راٹھور شامل تھے۔ جبکہ شیخ رشید اور اقبال نواز نے اس موقع پر نظمیں پیش کیں۔ قونصل جنرل جناب زمان مہدی نے اختتامی کلمات ادا کیے۔

پینل کے مقررین نے مسئلہ جموں و کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اس دیرینہ تنازع کے حل کیلئےفعال کردار ادا کرے۔

قونصل جنرل نے تمام مقررین اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اس امر پر زور دیا کہ وہ معصوم کشمیریوں کے حقوق کے لئے آواز ہر سطح پر بلند کرتے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یوم یک جہتی کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم ہر طرح کے اختلاف سے بالا تر ہو کشمیری بھائیوں کی مدد کے لئے یک سو رہیں -سیمینار کے اختتام پر کشمیر کے حوالے سے ایک مختصر ویڈیو دکھائی گئی جبکہ تصاویر پر مشتمل سلائیڈ شو بھی پیش کیا گیا۔