قونصل خانہ پاکستان نیو یارک میں عالمی یوم خواتین کی خصوصی تقریب

نیو یارک (نمائندہ خصوصی) قونصل خانہ پاکستان، نیو یارک نے عالمی یوم خواتین کے موقع پربریلئنس فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے اشتراک سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے افراد، کمیونٹی رہنما، پیشہ ور اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی خواتین نے شرکت کی تاکہ خواتین کی کامیابیوں اور کمیونٹی کی ترقی میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔

قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اختتامی کلمات میں پاکستانی نژاد خواتین کی سرگرمیوں کی تعریف کی اور کہا کہ یہ خواتین نہ صرف امریکہ میں اپنی کمیونٹی بلکہ پاکستان کی مثبت شبیہہ اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے خواتین کی مختلف شعبوں میں شاندار خدمات اور خاندان، کمیونٹی اور اداروں کو مضبوط کرنے میں ان کے کردار کو سراہا۔

قونصل جنرل نےبریلئنس فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے ساتھ اشتراک کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا اور کمیونٹی تنظیموں اور قونصل خانے کے درمیان شراکت داری کے ذریعے مکالمے، بااختیاری اور کمیونٹی انگیجمنٹ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی خواتین کے معاشرتی سرگرمیوں میں بڑھتے ہوئے کردار، ثقافتی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے اور امریکی معاشرتی و پیشہ ورانہ زندگی میں بامعنی شراکت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں شریک خواتین نے تعلیم، کاروبار، صحت، عوامی خدمات اور کمیونٹی تنظیموں جیسے مختلف شعبوں میں اپنے تجربات اور قیادت، بااختیاری اور سماجی اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ مقررین اور شرکاء نے زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت کے لیے جامع ماحول بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

قونصل خانہ پاکستان، نیو یارک خواتین کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے اور کمیونٹی میں ان کی قیادت اور شمولیت کو بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔