بھارت کے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا جیل کے اندر انٹرویو کا معاملہ پولیس اہلکاروں کے گلے پڑگیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ معاملے کا پنجاب حکومت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے قصوروار پائے گئے افسران اور ملازمین کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔پنجاب حکومت نے لا پروہی برتنے پر 7پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، یہ احکامات ریاستی محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری گورکیرت کرپال سنگھ نے جمعہ کی رات جاری کیے۔
رپورٹس کے مطابق جن افسران اور ملازمین کو معطل کیا گیا ہے ان میں ڈی ایس پی سے لے کر ہیڈ کانسٹیبل تک کے افسران شامل ہیں۔بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا انٹرویو اس وقت لیا گیا تھا جب وہ جے پور سنٹرل جیل میں قید کی سزا بھگت رہا تھا، اس کے بعد جے پور میں مقدمہ درج کیا گیا۔
بعد میں جے پور میں تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ لارنس بشنوئی کا انٹرویو اس وقت ہوا تھا جب وہ پنجاب کی جیل میں بند تھا۔ اسی بنیاد پر اب پنجاب حکومت نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب بھارت کے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کزن رمیش بشنوئی نے کہا کہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے کالے ہرن کے شکار کے معاملے کو حل کرنے کیلئے بشنوئی برادری کو بلینک چیک کی پیشکش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لارنس بشنوئی کے کزن رمیش بشنوئی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’کالے ہرن کے معاملے پر پوری بشنوئی برادری گینگسٹر کے ساتھ کھڑی ہے، سلمان خان ہمارے جذبات سے کھیل رہے ہیں لہٰذا ان کے خاندان کو بشنوئی کمیونٹی سے معافی مانگنی چاہیے‘۔
رمیش بشنوئی نے اپنے کزن پر لگنے والے الزامات سے متعلق کہا کہ لارنس بشنوئی کو پھنسایا جا رہا ہے وہ ایک معزز گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں ان کی ملکیت میں 110 ایکڑ زمین ہے۔رمیش بشنوئی نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان نے شکار سے متعلق خود پر لگنے والے الزامات کے بعد لارنس بشنوئی کمیونٹی کو مالی طور پر مطمئن کرنے کی کوشش کی تھی۔