لاہور (نمائندہ خصوصی، خبر رساں ادارے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں بھارت کی ہر حکمت عملی کا ہمیں پہلے سے پتا چل جاتا تھا، ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پس پردہ شاندار کردار ادا کیا۔
لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کھلے عام پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، نائن الیون کے بعد سے آج تک ہونے والی دہشت گردی کا سب سے بڑا فائدہ بھارت نے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک-بھارت جنگ کے دوران بھارتی چیف الگ الگ وزیر اعظم مودی سے مل رہے تھے، ان کے پائلٹ تیار نہیں تھے جبکہ ہماری مسلح افواج نے بھرپور جواب دیا اور ہماری تمام سیاسی جماعتیں بھی متحد رہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اجیت دوول اور امت شاہ اس پورے ڈرامے کے اصل کردار ہیں، یہ دونوں خود بھی مودی کو لے ڈوبیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں بھارت کی ہر پلاننگ ہمارے پاس پہلے ہی پہنچ جاتی تھی، اللہ کی مدد ہمارے ساتھ تھی۔ بھارت نے ہماری اہم بیس پر 7 میزائل داغے لیکن کوئی بھی ہدف پر نہ لگا، جہاں ہمارے قیمتی اثاثے موجود تھے وہاں بھی بھارتی میزائل نہیں پہنچے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی طرف سے داغے گئے میزائل اپنے تمام اہداف پر لگے، ہم نے 26 مقامات پر وار کیا جن میں بھارتی آئل ڈپو بھی شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مرسڈیز اور پاکستان ڈمپر کی مانند ہے، سب کو معلوم ہے کہ ٹکر کا نتیجہ کیا ہوگا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ بھارتی طیاروں کے گرنے کے ثبوت ہمارے پاس منٹوں میں پہنچ گئے تھے۔ فیصلہ کیا گیا کہ ویڈیو آنے سے پہلے اعلان نہیں کریں گے۔ بھارتی میڈیا سے بھی پہلے ہمارے پاس چھ جہازوں کے گرنے کے ثبوت موجود تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے آخر میں کہا کہ خاموش اور پس پردہ مجاہدوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تاہم چند لوگ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے سے باز نہیں آتے۔

