لاہور:شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم، پاک آسٹریلیا سیریز کے آغاز

آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیم کو پاکستان لانے کا سہرا چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کے سر ہے
چئیرمین پی سی بی نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملاکر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا

شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم، دنیاۓ کرکٹ کی دو بڑی ٹیموں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز ہوگیا ہے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل یہ سیریز دونوں ٹیموں کے مابین نہایت اہمیت کی حامل ہے سیریز میں فتح و شکست کا اثر میگا ایونٹ کی پرفارمنس پر بھی پڑے گا لہذا دونوں ٹیمیں کامیابی کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگائیں گی۔

پاک آسٹریلیا سیریز شائقین کرکٹ کیلئے کسی ٹریٹ سے کم نہیں جس میں انہیں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔ آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیم کو پاکستان لانے کا کریڈٹ بھی چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کے سر جاتا ہے جنہوں نے کرکٹ ورلڈ میں پاکستان کے وقار کو دوبارہ بحال کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کے غرور کو بھی خاک میں ملاتے ہوۓ اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔

پاک آسٹریلیا کے تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں 29، 31 جنوری اور یکم فروری کو ہوں گے۔ تمام میچز میں پہلی گیند شام 4 بجے کرائی جائے گی, ٹاس 3 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔ آسٹریلوی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد دوبارہ پاکستان پہنچی ہے. آسٹریلوی سکواڈ بدھ کے روز لاہور پہنچا تھا۔ مچل مارش آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ جیک ایڈورڈز، جوش فلپ، مہلی بیئرڈمین، میتھیو کونا مین اور زیویئر بارٹلیٹ پہلی بار پاکستان آئے ہیں۔

مہلی بیئرڈمین اور جیک ایڈورڈز ابھی تک انٹرنیشنل ڈیبیو نہیں کر سکے۔پاکستان کے 16 رکنی سکواڈ نے 25 جنوری کو کیمپ جوائن کیا۔قومی ٹیم نے سیریز سے قبل بھرپور ٹریننگ سیشنز کیے. پیر کو ایک ‘سیناریو بیسڈ’ ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلا گیا۔بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں، شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں دوسرے کامیاب ترین بولر ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 28 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں پاکستان نے 12 جبکہ آسٹریلیا نے 14 میچز میں کامیابی حاصل کی۔ قذافی سٹیڈیم میں آسٹریلیا ایک ٹی ٹوئنٹی جیت چکا ہے دونوں ٹیمیں 9 دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل چکی ہیں. پاکستان نے 2009، 2010، 2012 اور 2018 میں سیریز جیتی تھی جبکہ آسٹریلیا پانچ مرتبہ سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔