لاہور:شاہینوں نے پہلے ٹی ٹونٹی میں کینگروز کو دبوچ لیا

مہمان ٹیم سپن کے جال میں پھنس کر ڈھیر، ابرار اور صائم ایوب کی عمدہ بولنگ، سیریز میں ایک صفر کی برتری

پاکستان نے آسٹریلیا کو سپن کے جال میں پھنسا کر زیر کرلیا۔ پہلے ٹی ٹونٹی میں کینگروز کو 22 رنز سے شکست۔ 169 رنز کے کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم آٹھ وکٹوں پر 146 رنز بناسکی۔ قذافی سٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوۓ آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز سکور کئے۔

سٹار بلے باز صاحبزادہ فرحان پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوۓ ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا تاہم دونوں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ صائم ایوب 40 اور سلمان آغا نے 39 رنز بناۓ۔ لاکھوں دلوں کی دھڑکن بابر اعظم جن کی بیٹنگ دیکھنے کیلئے پرستار دیگر شہروں سے بھی لاہور آۓ تھے ایک بار پھر فلاپ ہوۓ اور 24 رنز بنا پاۓ۔

آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ زیوئیر بارٹلیٹ اور ماہل بئیرڈمین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسٹریلین بیٹنگ لائن سپنرز کے جال میں پھنس کر ڈھیر ہوگئی۔ کیمرون گرین 36 ٹریوس ہیڈ 33 اور میٹ رینشا نے 15 رنز بناۓ۔ صائم ایوب اور ابرار احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔