لاہور:پاکستان سپر لیگ 10 کے دو میچز ری شیڈول کردیے گئے

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 2 میچز کو ری شیڈول کردیا گیا ہے، یہ فیصلہ موسم کی شدت اور آپریشنل آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیاگیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کی جانب سے پی ایس ایل 10 کے 2 میچز ری شیڈول کرنے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق یکم مئی کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والا میچ اب یکم مئی کو ہی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم یکم مئی کو ڈبل ہیڈر کی میزبانی کرے گا، پہلا میچ یکم مئی کو سہ پہر 3 بجے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جب کہ شام 8 بجے قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملتان میں 10 مئی کو ہونے والا میچ اب 11 مئی کو کھیلا جائے گا، 11 مئی کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ شام 8 بجے شروع ہوگا۔

پی سی بی کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ میچز کا شیڈول موسم کی شدت اور آپریشنل آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے بدلا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ یکم مئی کے ملتان میچ کے آن لائن خریدے گئے ٹکٹ خودکار طور پر ریفنڈ ہوجائیں گے جب کہ ایکسپریس سنٹرز سے خریدے گئے ٹکٹ فزیکلی واپس کرانے ہوں گے۔

مزید کہا کہ یکم مئی کو لاہور میں ڈبل ہیڈر کا لطف ایک ہی ٹکٹ سے اٹھایا جا سکتا ہے جب کہ 10 مئی کے میچ کے لیے خریدے گئے ٹکٹ 11 مئی کے میچ پر قابل استعمال ہوں گے۔اس سے قبل، ذرائع نے بتایا تھا کہ پی ایس ایل 10 کے میچز کے شیڈول کو تبدیل کرنے کا فیصلہ ملتان میں گرمی کی شدت کی وجہ سے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں یکم اور 10 مئی کو دن میں شیڈول میچز رات 6 اور 11 مئی کو میں کروائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا تھا کہ اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت ہوچکی ہے جب کہ حتمی فیصلہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں