لاہور:پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان

لاہور(سپورٹس ڈیسک) – ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ جاری کر دیا ہے۔ 23 سالہ آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

یہ ایونٹ 30 ستمبر سے 2 نومبر 2025 تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ قومی اسکواڈ اسی ٹیم کے ساتھ 16 سے 22 ستمبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچز بھی کھیلے گا۔

فاطمہ ثنا اس سے قبل لاہور میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میں بھی کپتانی کر چکی ہیں، جہاں پاکستان نے سو فیصد کامیابی حاصل کر کے ورلڈ کپ میں جگہ بنائی۔

اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑی ایمان فاطمہ اور صدف شمس پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ میں شریک ہوں گی۔ ایمان فاطمہ نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔ دیگر نئی شمولیت میں ناتالیہ پرویز، رمین شمیم، صدیہ اقبال، شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ایمان فاطمہ، شوال ذوالفقار اور عروب شاہ تینوں نے انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

گزشتہ اسکواڈ کے مقابلے میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایمان فاطمہ اور صدف شمس کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ گل فیروزہ اور نجیحہ علوی کو ڈراپ کر کے پانچ رکنی ریزرو اسکواڈ میں رکھا گیا ہے، جس میں طوبی حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر بھی شامل ہیں۔

کھلاڑیوں کے لیے 14 روزہ تربیتی کیمپ 29 اگست سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لگایا جائے گا۔ ہیڈ کوچ محمد وسیم کی زیر نگرانی اسکواڈ نیٹ پریکٹس اور پریکٹس میچز کے ذریعے تیاری کرے گا۔

پاکستان اپنے تمام گروپ میچز کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گا، جبکہ سیمی فائنل 29 اکتوبر اور فائنل 2 نومبر کو کولمبو میں ہی ہوں گے۔ جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم 12 ستمبر کو لاہور پہنچے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں