لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئےمیچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری علی نقوی تینوں میچز میں پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے، جبکہ سیریز کا دوسرا میچ بطور ریفری ان کا 50واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق سیریز کا پہلا میچ 29 جنوری کو احسن رضا اور آصف یعقوب امپائر کریں گے، دوسرے میچ میں 31 جنوری کو احسن رضا اور راشد ریاض امپائر ہوں گے۔تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ یکم فروری کو راشد ریاض اور ناصر حسین سپروائز کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی۔

