لاہور (نامہ نگار) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، میزبان اور سماجی کارکن مشی خان نےلاہوریونیورسٹی میں پیش آنے والے خودکشی کی کوشش کے دوسرے واقعے پر شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں مشی خان نے یونیورسٹی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اسی ادارے میں طلبہ کی خودکشی کی کوشش کا یہ دوسرا واقعہ ہے، جس پر فوری اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ جانا جائے کہ طلبہ پر کس نوعیت کا دباؤ ڈالا جاتا ہے جو انہیں ایسے انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کر دیتا ہے۔مشی خان نے متاثرہ طالبہ کا تعلق شیخوپورہ سے بتاتے ہوئے والدین پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ بچوں کو ایسے اداروں میں بھیجتے وقت والدین کو بھی سنجیدگی سے سوچنا چاہیے۔
اداکارہ نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی کھلی تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام ممکن ہو۔دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین لاہور یونیورسٹی میں پیش آنے والے مسلسل ایسے واقعات پر شدید تشویش اور صدمے کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک نوجوان طالبہ نے لاہور یونیورسٹی کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی تھی جس کے بعد اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، جبکہ دو ہفتے قبل اسی لاہور یونیورسٹی کے ایک طالب علم محمد اویس نے بھی چھلانگ لگا کر خودکشی کی تھی۔

