لاہور(نمائندہ خصوصی)پاک – بھارت کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری ہونے پر بند کیا گیا لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کچھ دیر بعد ہی کھول دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن مختصر بندش کے بعد بحال کردیا گیا ہے، ملک کے دیگر ایئرپورٹس پر بھی فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔
اس سے قبل ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ایک بجکر 50 منٹ سے لے کر اگلے احکامات تک ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن روک دیا گیا تھا۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ لاہور ایئرپورٹ پر سیکیورٹی فورس سمیت تمام اداروں کو الرٹ کردیا گیا تھا جبکہ تمام پروازوں کو کچھ دیر کے لیے معطل کردیا گیا تھا، سیکورٹی کلیئرنس ہونے کے بعد پروازوں کی آمد و رفت شروع ہوگئی ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ ریڈ الرٹ جاری ہونے کے بعد اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو لاؤنج منتقل کردیا گیا تھا جبکہ مسافروں کو جاری کیے گئے بورڈنگ کارڈ بھی منسوخ کردیے گئے تھے۔