لاہور: بھاٹی گیٹ سیوریج لائن واقعہ، مقدمے میں نامزد تینوں ملزمان گرفتار

لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں ماں اور بیٹی کے سیوریج لائن میں گرنے کے واقعے میں پولیس نے مقدمے میں نامزد تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں پروجیکٹ مینیجر اصغر سندھو، سیفٹی انچارج دانیال اور سائٹ انچارج احمد نواز شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ متوفیہ کے والد ساجد حسین کے بیان پر درج کیا گیا، جو دفعہ 322 (حادثاتی موت) کے تحت ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مین ہول کھلا چھوڑ کر غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھاٹی گیٹ میں خاتون اپنی کمسن بیٹی سمیت سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہو گئی تھی۔ واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے ابتدا میں حادثے کو دبانے اور ماں، بیٹی کے گرنے کی اطلاع کو جعلی قرار دینے کی کوشش کی گئی اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ تکنیکی طور پر اس ہول میں کسی انسان کا ڈوبنا ممکن نہیں۔

دوسری جانب پولیس نے بھی ابتدائی تفتیش میں واقعے کو میاں بیوی کے جھگڑے سے جوڑنے کی کوشش کی، شوہر پر تنازع اور سنگین الزامات کی رپورٹ مرتب کی گئی، جبکہ شک کی بنیاد پر شوہر سمیت تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد بعدازاں تردید بھی کی گئی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پروجیکٹ ڈائریکٹر، مینیجر اور کنسلٹنٹ کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔