لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جسے منظور کرلیا گیا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف میں بدانتظامی کے الزامات سامنے آنے کے بعد صورتحال سنگین ہوئی اور معاملے کا نوٹس وزیراعظم شہبازشریف نے لیا تھا۔
وزیراعظم کے نوٹس کے بعد پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیرِاعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے اور درخواست کی ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔
یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 25 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی آسٹریلیا کے دورے کے دوران مشکلات کا شکار رہے۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو فائیو اسٹار ہوٹل کے بجائے غیر معیاری رہائش فراہم کی گئی اور انہیں ایک گھر میں ٹھہرایا گیا تھا۔
طارق بگٹی نے بدانتظامی کا ذمہ دار پاکستان سپورٹس بورڈ کو قرار دیتے ہوئے عماد شکیل بٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ہاکی میں دو سالہ پابندی عائد کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

