لاہور (نمائندہ خصوصی) — خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ کی نمازِ جنازہ آج لاہور میں نصیرآباد کے قریب گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، نمازِ جنازہ میں تاجر برادری، معزز شہریوں، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ذرائع کے مطابق، طیفی بٹ کے کزن گوگی بٹ جنازے میں شریک نہیں ہوئے، تاہم مرحوم کے بڑے بیٹے خواجہ تعظیم نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق، طیفی بٹ کو بیرون ملک سے امیر بالاج قتل کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں کراچی سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا کہ سنجرپور (ضلع رحیم یار خان) کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی۔
ذرائع کے مطابق، کراس فائرنگ کے دوران طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہوگئے، جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوا۔پولیس نے واقعے کے بعد حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

